پاکستانی کو قتل کرنے والے غیر ملکی انجام کو پہنچ گئے۔
مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں پاکستانی پرائیویٹ گارڈ کو قتل کرنے کے جرم میں 4 یمنی باشندوں کے سر قلم کردیے گئے۔
سعودی نیوز ایجنسی (واس) کے مطابق سزائے موت پانے والے چاروں افراد نے ایک کمپنی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے سیکیورٹی گارڈ کو قتل کردیا تھا۔
واس کا مزید کہنا تھا کہ سعودی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو حراست میں لے لیا تھا جس کے بعد پولیس عدالت میں ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میں کامیاب رہی۔
جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزمان کو سزائے موت سنائی تھی۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے مکہ میں چاروں یمنی باشندوں کے سر تن سے جدا کر دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں سزائے موت کے ملزمان کے سر قلم کیے جاتے ہیں، رواں برس اب تک 20 افراد کے سر قلم کیے جا چکے ہیں جن میں دہشت گردی، زنا، مسلح ڈکیتی اور منشیات اسمگلنگ کے ملزمان شامل ہیں۔