خطرناک دہشت گردوں کی فہرست تیار، سروں کی قیمت 1 کروڑ تک مقرر۔
راولپنڈی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے پنجاب میں خودکش حملوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث انتہائی مطلوب 22 دہشت گردوں کی فہرست مرتب کرلی جس میں حکومت پاکستان کی جانب سے 18 دہشت گردوں کے سروں کی 2 لاکھ سے لیکر ایک کروڑ روپے تک انعامی رقم بھی مقرر کی گئی ہے۔
فہرست کے مطابق زیادہ تر دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ ذرائع سے حاصل ہونے والی فہرست کی تفصیلات کے مطابق ان 22 انتہائی مطلوب دہشت گردوں میں سب سے خطرناک مطیع الرحمان عرف صمد سیال ہے جس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان ہے، یہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف، سابق وزیراعظم شوکت عزیز پر خودکش حملوں سمیت دہشت گردی کے 5 مقدمات میں مطلوب ہے، حکومت پاکستان نے اس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کررکھی ہے جبکہ سندھ حکومت نے 10 لاکھ روپے اضافی انعام رکھا ہے۔