پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دے گا، ترجمان دفترخارجہ۔
اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیل کوتسلیم نہیں کرتا اوراسرائیلی شہریوں کو پاکستان آمد کی مشروط اجازت دینے سے متعلق لسٹ کے بارے میں وزارت داخلہ جوابدہ ہے۔
دفترخارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ترک صدرکی دعوت پر دو روزہ دورے پرترکی روانہ ہوئے ہیں، ان کے ہمراہ اعلی سطح کا وفد بھی ہے، وزیراعظم ترک حکام سے وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ وزیرخارجہ نے افغان مفاہمتی عمل پر ہمسایہ ممالک کو اعتماد میں لیا، انہوں نے پاکستان کی سہولت کاری بارے بھی آگاہ کیا، ہمسایہ ممالک نے افغان فریقین کے باہمی روابط کی پاکستانی تجویز کی حمایت کی ہے، وزیرخارجہ نے دورہ قطر کے دوران دوطرفہ تعلقات پربات کی، وزیراعظم عمران خان بھی جلد قطر کا دورہ کریں گے۔