لڑکیاں اسمگل کرنیوالے 4 انجینئر بھائی اور ماں گرفتار۔
کراچی: درخشاں انویسٹی گیشن پولیس نے معصوم لڑکیوں سے شادی کرکے انھیں بیرون ملک اسمگل کرنے والے4 انجینئر بھائیوں اور ان کی ماں کو گرفتار کرلیا، ملزمان یہ کام 5 سال سے کررہے تھے اوراب تک کئی لڑکیوں کی زندگیاں تباہ کرچکے ہیں،ملزمہ کا بھائی آفاق سعودی عرب میں رہتا ہے ،گروہ کا ایک کارندہ دبئی میں لڑکیوں کے لیے ویزے اور رہائش کا انتظام کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق درخشاں انویسٹی گیشن پولیس نے معصوم لڑکیوں سے شادی کرکے انھیں بیرون ملک اسمگل کرنے والے 4بھائیوں اور ان کی ماں کو گرفتار کرلیا ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن جنوبی طارق دھاریجو نے بتایا کہ ملزمہ قدسیہ اور اس کے بیٹے فرخ ، فہیم ، فہد اوراعلیٰ کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا تھا جس میںمدعی نے بتایاکہ اس نے اپنی بیٹی کی شادی قدسیہ کے بیٹے فرخ سے کی تھی ،بیرون ملک میں اس کی بیٹی پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے گئے جس کے بعد اس نے انتہائی مشکل سے گھر والوں سے رابطہ کیا اور پھر ہم نے قدسیہ سے رابطہ کرکے اپنی بیٹی واپس بلائی ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ پہلے قدسیہ اور پھر اس کی نشاندہی پر اس کے چاروں بیٹوں کو ناظم آباد سے گرفتار کیا گیا جو پیشے کے اعتبار سے انجینئر ہیں۔