کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے لیگی رہنماؤں کی ملاقات۔
لاہور: العزیزیہ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جیل میں ان کے اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔
جمعرات کا دن کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف سے ملاقاتوں کے لیے مختص ہے، جس کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکن صبح سے ہی کوٹ لکھپت جیل کے باہر پہنچنا شروع ہوگئے۔ نواز شریف سے ملاقات کرنے والے پارٹی رہنماؤں میں مشاہد اللہ خان، خواجہ آصف، رانا ثناء اللہ، ملک ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ اور عثمان ابراہیم سمیر دیگر شامل ہیں۔
سیاست کو صراط مستقیم پر چلانے کا جرم
ملاقات سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سیاست کے بڑے اسٹیک ہولڈر ہیں، وہ ملکی سیاست کو صراط مستقیم پر چلانے کے جرم میں کوٹ لکھپت جیل میں ہیں، وہ ہماری پارٹی کے لیڈر ہیں، انہیں زمین کی ساتویں تہہ میں بھی بند کر دیں تو بھی عوام کی محبت ختم نہیں کی جا سکتی۔