گرفتار ہوا تو کیا ہوگا، جیل میرا دوسرا گھر ہے، آصف زرداری۔
ٹنڈو الٰیار: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر گرفتار ہوا تو کیا ہوگا کیونکہ جیل تو میرا دوسرا گھر ہے۔
ٹنڈو الٰیار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت لوگوں سے روزگار چھین رہی ہے، کراچی کی ایمپریس مارکیٹ کو توڑ دیا گیا، یہ مارکیٹ 50 سال پرانی تھی جو بچپن سے مجھے یاد ہے، روزگار دینے کے بجائے عوام سے روزگار چھینا جارہا ہے، تجاوزات گرانے سے پہلے لوگوں کو نوٹس دینا چاہیے تھا، ملک کے موجودہ حالات پر افسوس ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کا 63 فیصد دیتا ہے واپس کیا ملتا ہے؟ ہم صرف اپنا حصہ مانگ رہے ہیں، ڈنڈے سے ٹیکس نہیں لیا جاسکتا، گرفتار ہوا تو کیا ہوگا، جیل میرا دوسرا گھر ہے، پکڑ دھکڑ چھوڑ کر ملکی مسائل پر توجہ دیں، اداروں سے غیر جانبداری لینا ہے اختیار ہم خود لیں گے۔