لاہور فروز پور روڈ کانہ نو پر غیر قانونی ٹرک اڈے، ریتی بجری مافیا کے ڈیرے، انتظامیہ اور پیرا فورس بے بس!
لاہور https://youtu.be/L7L8EYdYUk8?si=97YjSpJQ6thX_veg
فروز پور روڈ کانہ نو کے علاقے میں ریتی بجری مافیا نے ٹرکوں کے غیر قانونی اڈے قائم کر رکھے ہیں۔ بھاری بھرکم ٹرک سروس روڈ پر ڈیرے ڈالے کھڑے ہیں جس کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔
مین فروز پور روڈ پر ٹریفک کا بہاؤ پہلے ہی بے حد زیادہ ہے۔ جب کسی حادثے یا جام کی وجہ سے عام شہری متبادل راستے کے طور پر سروس روڈ کا سہارا لینا چاہتے ہیں تو وہ پہلے ہی ٹرکوں کے قبضے میں بند ملتی ہے۔ یوں شہری دوہری اذیت کا شکار ہو جاتے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ان ٹرک اڈوں کے عین اوپر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جو روڈ کی مکمل نگرانی کرتے ہیں۔ یہ کیمرے لمحہ بہ لمحہ ریکارڈنگ کرتے ہیں مگر انتظامیہ کو یہ منظر دکھائی نہیں دیتا کہ سروس روڈ مستقل طور پر بلاک ہے۔ گویا کیمرے آنکھوں والے اندھے کی طرح ہیں اور انتظامیہ نے ان سے نظریں پھیر لی ہیں۔
دوسرا پہلو یہ ہے کہ پیرا فورس مختلف مقامات پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن تو کرتی ہے، مگر سوال یہ ہے کہ انہیں یہ بڑے بڑے ٹرک اور سروس روڈ پر مستقل قبضہ کیوں نظر نہیں آتا؟ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ چھوٹے دکانداروں اور ریڑھی والوں کے خلاف ایکشن لیا جاتا ہے لیکن ٹرک مافیا کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔
ریت بجری مافیا نے سڑکوں کو اپنی ذاتی جاگیر بنا رکھا ہے۔ نہ نشتر ٹاؤن کی انتظامیہ انہیں روک پائی اور نہ ہی ٹریفک پولیس اپنی ذمہ داری نبھا سکی۔ ٹریفک پولیس کی کارکردگی کا یہ عالم ہے کہ وہ ان ٹرکوں کو ہٹانے میں مکمل ناکام دکھائی دیتی ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو کسی بڑے حادثے کا خطرہ ہر وقت منڈلاتا رہے گا۔ عوامی مطالبہ ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور کمشنر لاہور فوری نوٹس لیتے ہوئے اس ریتی بجری مافیا اور غیر قانونی ٹرک اڈوں کو ختم کریں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔