188

انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی – حب چوکی کا سب سے بڑا اسپتال بدحالی کا شکار

انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی – حب چوکی کا سب سے بڑا اسپتال بدحالی کا شکار

حب چوکی میں واقع واحد بڑا طبی مرکز جام غلام قادر اسپتال بدترین حالت کا شکار ہے۔ سن 2001 میں ایک لاکھ آبادی کے حساب سے قائم ہونے والا یہ اسپتال آج 40 لاکھ کی آبادی کے لیے بھی وہی پرانے وسائل اور ادویات پر چل رہا ہے۔

اسپتال میں بنیادی سہولتوں کی شدید کمی ہے۔ نہ ادویات دستیاب ہیں، نہ جدید طبی آلات۔ وارڈز مریضوں سے بھرے ہیں لیکن بستروں کی تعداد محدود ہے، ایمرجنسی یونٹ میں آکسیجن سلنڈر تک پوری طرح میسر نہیں، ایکسرے اور الٹراساؤنڈ مشینیں سالوں سے خراب ہیں، لیبارٹری ناکارہ ہے اور عملہ بھی انتہائی کم ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ اسپتال مریضوں کے لیے شفا خانہ نہیں بلکہ اذیت خانہ بن چکا ہے۔ انتظامیہ کی نااہلی اور حکومت کی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ تیس برس گزرنے کے باوجود اسپتال کا بجٹ اور سہولیات نہیں بڑھائی گئیں۔ مریض معمولی ٹیسٹ اور دوائی کے لیے بھی پرائیویٹ کلینکس کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔

عوام اور سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اسپتال کے لیے نیا بجٹ منظور کیا جائے، اضافی ادویات، جدید طبی آلات اور ماہر عملہ فراہم کیا جائے، بصورت دیگر حب چوکی کے لاکھوں شہری علاج سے محروم رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں