لاہور موٹروے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، خرابی کی وجہ سے خاتون نے گاڑی روڈ کے کنارے کھڑی کی تو ملزمان نے نمودار ہو کر کھڑکی کے شیشے توڑ کر خاتون اور بچوں کو گاڑی سے نکالا، موٹروے کی حفاظتی تار کاٹ کر جھاڑیوں میں لے جا کر بچوں کے سامنے خاتون کی عزت تار تار کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا خوفناک واقعہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور کے علاقے گجر پورہ کے قریب موٹروے پر چند جنسی درندوں نے بچوں کے سامنے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے موٹروے پر دوران سفر خاتون کی گاڑی خراب ہوئی تو اس دوران چند نامعلوم افراد اچانک نمودار ہوئے اور کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ ڈالا۔
ملزمان نے خاتون اور بچوں کو گاڑی سے نکالا اور موٹروے کی حفاظتی تار کاٹ کر انہیں قریبی جھاڑیوں میں لے گئے۔ ملزمان نے خاتون کو بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور پھر بعد ازاں گاڑی میں موجود ایک لاکھ روپے کی رقم اور نقدی لے کر فرار ہوگئے۔ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں تاحال ناکام ہے۔