گوجرانوالہ ) راجہ نادر محمود
ڈپٹی بیورو چیف )
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ اور آر پی او ریاض نذیر گاڑا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر قیام امن کے سلسلہ میں تمام ممکنہ سیکورٹی اور انتظامی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ ‘ پولیس اور دیگر ادارے پوری طرح چوکس ہو کر اپنے فرائض کی ادائیگی کر رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پاک آرمی اور رینجرز بھی شر انگیزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں –
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس گوجرانوالہ میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کیلئے بنائے گئے ضلعی کنٹرول روم کے دورے کے موقع پر کیا- ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف اور سی پی او رائے بابر سعید سمیت ضلعی افسران اورمتعلقہ محکموں کے نمائندہ بھی اس موقع پر موجود تھے-
کمشنر اور آر پی او کو کنٹرول روم کے حوالے سے بریفنگ ہو ئے ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے بتایاکہ حساس جلوسلوں اور مجالس کی نگرانی کے لئے204 کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس فورس کے ساتھ قومی رضا کار بھی تعینات کئے گئے ہیں – انہوں نے بتایاکہ ضلعی کنٹرول کو 24 گھنٹے میں شفٹوں میں چلایا جا رہاہے اور پولیس ‘ آرمی واسا جی ڈبلیو ایم سی‘ گیپکو‘ سوئی گیس‘ ریسکیو 1122 سمیت تمام محکموں کے نمائندے کنٹرول روم میں ڈیوٹی پر مامور ہیں – انہوں نے بتایا کہ ضلع میں مجمو عی طور پر 1679 مجالس اور 473 جلو س برپا ہو ں گے- جن کو سیکورٹی کور کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدام کیاگیا ہے انہو ں نے کہاکہ تمام افراد کی جامہ تلاشی اور شناخت کے بعد ہی انہیں جلوسوں اور مجالس میں شرکت کی اجازت ہو گی جبکہ خواتین کے لئے لیڈیز پولیس کابھی انتظام کیاگیا ہے- انہو ں نے کہا کہ کسی بھی اشتعال انگیزی اور قانون شکنی کا فوری نوٹس لیتے ہو ئے فوری ٹھوس کا روائی کے ذریعے امن وامان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور اس سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں –
کمشنر اور آر پی او نے سیکورٹی انتظامات اور کنٹرول روم کے ذریعے‘ مانیٹرنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہو ئے متعلقہ افسران اور اداروں کو اپنے فرائض مکمل یکسوئی اور خلو ص نیت سے ادا کرنے کی ہدایت کی – انہو ں نے توقع ظاہر کی کہ تمام اداروں‘ ڈویژنل و ضلعی امن کمیٹی کے معزز اراکین اور مقامی سماجی شخصیات کے مربوط تعاون سے ڈویژن بھر میں عاشورہ محرم پر امن وامان بر قرار رہے گا