پی ٹی آئی رہنما علیم خان کو ریمانڈ کیلئے آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
علیم خان کو گذشتہ روز نیب لاہور نے آف شور کمپنی اور آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں گرفتار کیا تھا—۔
لاہور: آف شور کمپنی اور آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عبد العلیم خان کو ریمانڈ لینے کے لیے آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
نیب لاہور نے گذشتہ روز علیم خان کو آف شور کمپنی اسکینڈل اور آمدن سے زائد اثاثوں کی تفتیش کے لیے طلب کیا تھا، جس کے لیے وہ نیب آفس پہنچے، جہاں انہیں حراست میں لے لیا گیا تھا۔
گرفتاری کے بعد علیم خان نے سینئر صوبائی وزیر بلدیات کی وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
علیم خان پر لگائے گئے الزامات
نیب کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق علیم خان کو پاناما اسکینڈل تحقیقات میں پیش رفت کے تحت آف شور کمپنی، آمدن سے زائد اثاثوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
نیب کے مطابق علیم خان نے پارک ویو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکریٹری اور رکن اسمبلی ہونے کی حیثیت سے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔
نیب لاہور کے مطابق علیم خان نے پاکستان اور بیرون ممالک میں آمدن سے زائد اثاثے بنائے۔
اعلامیے کے مطابق علیم خان نے لاہور اور مضافات میں اے اینڈ اے کمپنی بنا کر15 سوکنال اراضی بنائی، جس کی خریداری پر انہوں نے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب انہوں نے 2005 اور 2006 کے دوران یو اے ای اور برطانیہ میں متعدد آف شور کمنیپاں بھی بنائیں۔
نیب اعلامیے کے مطابق علیم خان کی جانب سے ریکارڈ میں مبینہ ردوبدل بھی کیا گیا جبکہ وہ پوچھے گئے سوالات کے جواب بھی نہ دے سکے، جس کے پیش نظر انہیں گرفتار کیا گیا۔