کراچی سمیت سندھ میں 86 فیصد لاپتا افراد کے کیس حل ہوگئے، صوبائی محکمہ داخلہ۔
کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے جبری گمشدہ اور لاپتا افراد کے 86 فیصد معاملات حل ہونے کا دعوی کیا ہے۔
یورپی یونین کے مطالبے پر محکمہ داخلہ سندھ نے لاپتہ افراد کی رپورٹ تیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر سے 86 فیصد لاپتا افراد کے کیس حل ہوگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سندھ سے مجموعی طور پر 3758 افراد گمشدہ اور لاپتا ہوئے جن میں سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے 3258 افراد کا پتہ لگالیا ہے اور اب صرف 520 لاپتہ افراد کے کیس حل طلب ہیں۔
156 لاپتہ افراد کے کیسز مسنگ پرسنز کمیشن میں اور 364 جبری گمشدہ افراد کے مقدمات ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں۔ محکمہ داخلہ کے مطابق 23 لاپتا افراد کے اہلخانہ کو 5 لاکھ روپے فی خاندان معاوضہ بھی دیا گیا ہے اور سندھ حکومت نے دیگر صوبوں سے لاپتہ و جبری گمشدہ ہونے والے افراد کے کیسز بھی حل کیے ہیں۔