چوآ سیدن شاہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ عبدالستار عیسانی جمعہ کے روز اچانک تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال چوآ سیدن شاہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کا جائزہ لیا اور بعض اہلکاروں کی ڈیوٹی سے غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ غیر حاضر اہلکاروں کا یہ غیر ذمہ دارانہ طرز عمل قطعاً قابلِ برداشت نہیں ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے ایم ایس کو حکم دیا کہ غیر حاضری کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی بلا تاخیر مکمل کی جائے۔ انہوں نے ہسپتال کے تفصیلی معائنہ کے دوران صفائی کے انتظامات، پینے کے صاف پانی کی سہولیات،ادویات کی دستیابی اور ہیلتھ کیئر سسٹم کی مجموعی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو احکامات جاری کئے کہ مریضوں کو معیاری علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے اس موقع پر مریضوں سے بھی علاج معالجہ کی سہولیات کے بارےمیں دریافت کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے اے سی چوآ سیدن شاہ کو ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی کے اقدامات اور ہیلتھ کیئر سسٹم کی کارکردگی کو اچانک انسپکشن کے ذریعے مانیٹر کیا جا ئے بیورو چیف خاور شہزاد چکوال
247