پتنگ کی دھاتی ڈورنے 2 افراد کا گلا کاٹ دیا، ایک جاں بحق دوسرا زخمی۔
کراچی: شیشے اور زہریلے کیمیکل کی آمیزش سے تیار کی جانے والی پتنگ کی دھاتی ڈور مزید ایک اور خاندان اجاڑ گئی جبکہ دوسرا موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا ہے ، شہری حلقوں کی جانب سے کئی بار پتنگ کی ڈور پر پابندی کے مطالبات دہرائے گئے لیکن حکومت کی جانب سے عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث کھلے عام پتنگ کی ڈور نہ صرف فروخت کی جارہی ہے بلکہ اس سے حادثات بھی ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شہر میں پتنگ کی ڈور گردن پر پھرنے کے 2 واقعات ہوئے پہلا واقعہ سپر ہائی وے کے قریب سعدی ہومز میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار نوجوان کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھرگئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا ، متوفی کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لے جائی گئی ، ایس ایچ او ملیر کینٹ محمد رضوان نے بتایا کہ متوفی کی شناخت قربان ولد وزیر علی کے نام سے کی گئی جس کی عمر 25 برس تھی جبکہ وہ سچل سرمست گوٹھ کا رہائشی تھا ، متوفی سپرہائی وے پر حکیم ولاز میں بطور سیکیورٹی گارڈ ملازمت کرتا تھا اس کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔