قومی اسمبلی ’’کنڈکٹ‘‘ کمیٹی پر تحریک انصاف کا ایک اور یوٹرن
اسلام آباد: قومی اسمبلی کا ماحول پارلیمانی تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے قائم ’’کنڈکٹ‘‘ کمیٹی کی افادیت ایک روز بعد ہی نہ ہونے کے برابر رہ گئی جب ترجمان قومی اسمبلی کی جانب سے یہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے کہ “کنڈکٹ” کمیٹی کے ممبرز پارلیمانی لیڈرز کی بجائے ان کے نامزد کردہ ارکان ہو سکتے ہیں۔
ایک روز قبل جب اسپیکر کی جانب سے “کنڈکٹ” کمیٹی تشکیل دیے جانے کی خبر جاری ہوئی تو اسے قومی میڈیا نے اپنی شہ سرخی اسی لیے بنایا کہ ارکان پارلیمان کو پارلیمانی آداب سکھانے کی ذمہ دار کمیٹی انتہائی اعلی سطح کی ہے اور وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے لے کر آصف علی زرداری تک اس کمیٹی کے رکن ہیں جس کے بعد یہ توقع بندھ گئی کہ قومی اسمبلی میں مخالف سیاسی قیادت پر تنقید کا جو پست معیار معمول بن گیا ہے، اس کی روک تھام کے لئے سیاسی قیادت پر مبنی پارلیمانی فورم موثر ثابت ہو گا۔