173

12 ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع۔مشیر تجارت

12 ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع ہے، مشیربرائے تجارت۔

اسلام آباد / پشاور: وزیراعظم کے خصوصی مشیربرائے تجارت رزاق داؤد نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے موقع پرسعودی عرب اورپاکستان کے درمیان تیل، قابل تجدید توانائی اور معدنیات سیکٹر میں مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے جب کہ توقع ہے کہ سعودی عرب 10سے 12ارب ڈالرکی وسط مدتی سرمایہ کاری کا اعلان کرسکتا ہے۔

گزشتہ روزصحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے مشیر تجارت نے کہا کہ قومی امکان ہے کہ اس دورے کے دوران پاکستان کو موخر ادائیگیوں پر 3ارب ڈالرکے تیل کی فراہمی پر بھی معاہدہ طے پائے گا۔

رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کو 2بلین ڈالر مالیت کے ایل این جی سے چلنے والے پاور پلانٹس کی نجکاری میں حصہ لینے کی بھی پیشکش کریگا، اگرچہ سعودی عرب ان یونٹس کی خریداری میں پہلے ہی اپنی دلچسپی کا اظہار کرچکا ہے۔
سعودی ولی عہد کا سیکیورٹی وفد، اہم سامان پاکستان پہنچ گیا۔

اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے قبل ان کی سیکیورٹی اور ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی جبکہ 2روز پاکستان میں قیام کے سلسلے میں محمد بن سلمان کی ورزش کا سامان، فرنیچر، ضروری اشیا کے 5 ٹرک مقامی ہوٹل پہنچ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کی سیکیورٹی ٹیم نے اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان کے دورے کی کوریج کے لیے سعودی میڈیا کا وفد بھی پاکستان پہنچ گیا ہے۔

سعودی سفیر کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو ایک ہزا سے زائد کاروباری شخصیات کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے جب کہ ایئر پورٹ پر وزیراعظم عمران خان خود ولی عہدکا استقبال کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں