چین پاکستان کو مزید ڈھائی ارب ڈالر قرض دے گا۔
اسلام آباد: چین نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے کے لیے مزید 2 ارب 50 کروڑ ڈالر قرضہ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 4 ارب ڈالر ملنے کے باوجود پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر دوماہ کی ملکی درآمدات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی ناکافی ہیں اس لیے اب چین نے پاکستان کو مزید ڈھائی ارب ڈالر قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
چینی قرضے کی یہ رقم براہ راست اسٹیٹ بینک میں جمع کروائی جائے گی، یہ قرضہ ملنے کے بعد چین سے پاکستان کو ایک سال میں ملنے والی امداد ساڑھے 4 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ چین اس سے قبل بھی پاکستان کو 2 ارب ڈالر قرضہ دے چکا ہے یوں چین پاکستان کو اقتصادی بحران سے نکالنے اور دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلیے امداد دینے والا سب سے بڑا ملک بن کر سامنے آیا ہے۔