مریض کاہاٹھ کاٹنےکامعاملہ؛ خیبرٹیچنگ اسپتال ڈائریکٹراورمیڈیکل ڈائریکٹر برطرف۔
پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں ذیابطیس کے مریض کو مبینہ طور پر غلط طریقے سے کینولہ لگانے اور اس کے نتیجے میں اس کا ہاتھ کاٹنے سے متعلق معاملے کی تحقیقات مکمل کرلی ہے۔
انکوائری رپورٹ میں اسپتال سربراہان کوخراب مینجمنٹ اورمعیاری طبی سہولیات فراہم نہ کرنے پر ذمہ دار ٹہراتے ہوئے اسپتال ڈائریکٹر اور میڈیکل ڈائریکٹر کو اپنے عہدوں سے برطرف کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ مروت کی جانب سے باضابطہ احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے واضح کیا ہے کہ نئے پاکستان میں ڈیوٹی سے غفلت اور لاپرواہی کسی طور برداشت نہیں کی جائےگی جب کہ معیاری طبی سہولیات پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔