منی بجٹ، علیمہ جائیداد، نیب مقدمات؛ اپوزیشن کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا اعلان۔
اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس 3ہفتے کے وقفے کے بعد پیر سے شروع ہو گا گزشتہ اجلاسوں کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے اپوزیشن کی تمام جماعتیں حکومت کو دباؤ میں رکھنے کی متفقہ حکمت عملی پر عمل پیرا رہیں گی جس کے تحت اپوزیشن نے نہ صرف متوقع منی بجٹ کی سخت مخالفت کا فیصلہ کیا ہے بلکہ دیگر ایشوز پر بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی تیاری ہے۔
دوسری جانب قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے زیر التوا معاملہ پر پیش رفت متوقع ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے جو 2ہفتے جاری رہے گا، اس حوالے سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے جن ایشوز کو ایوان زیریں میں زیر بحث لایا جائے گا ان میں مالی بحران کی وجہ سے ملکی معیشت کو درپیش سنگین خطرات، مہنگائی اور اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف نیب مقدمات سرفہرست ہیں، اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی امریکا میں پراپرٹی کی میڈیا پر آنے والی تفصیلات کا معاملہ بھی اٹھائے گی۔ اس کیساتھ ساتھ اجلاس میں قومی ایشوز بھی زیر بحث لائے جانے کی توقع ہے جن میں لائن آف کنٹرول کی صورتحال، فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع سمیت دیگر معاملات شامل ہیں۔