سپریم کورٹ کا زیر زمین پانی کے استعمال پر ایک روپیہ فی لیٹر قیمت عائد کرنے کا حکم۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے زیر زمین پانی کے استعمال پر ایک روپیہ فی لیٹر قیمت عائد کرنے کا حکم دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے انڈسٹری کی جانب سے زیر زمین پانی کے استعمال سے متعلق فیصلہ جاری کردیا، تفصیلی فیصلہ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے تحریر کیا۔ فیصلے کے مطابق منرل واٹر اور مشروبات کی کمپنیوں سمیت ٹیکسٹائل، گارمنٹس، شوگر ملز، پٹرولیم ریفائرنیز اور دیگر انڈسٹریز سے بھی زیر زمین پانی کے استعمال پر ایک روپیہ فی لیٹر قیمت وصول کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالتی فیصلے پر من و عن تعمیل کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں، ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کو بھی کہا گیا ہے اور فیصلے میں تنبہہ کی گئی ہے کہ پانی کی قیمت کا بوجھ صارفین پر منتقل نہیں کیا جائے گا، فیصلے میں منرل واٹر اور مشروبات کی کمپنیوں کو کارپوریٹ ذمہ داری کے تحت شجر کاری کی سر گرمیوں کو فروغ دینے کا بھی حکم دیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کمپنیاں سالانہ 10 ہزار درخت لگائیں۔