انصاف کا تقاضا ہے علیمہ خان کے خلاف جے آئی ٹی بنائی جائے، سعید غنی۔
کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ انصاف کا تقاضا ہے علیمہ خان کے خلاف جے آئی ٹی بنائی جائے جو عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف تحقیقات کرے۔
وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی امریکا میں جائیداد سامنے آنے پر پی پی رہنما اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ کاروبار نہ محنت مزدوری اور پھر بھی جائیدادیں، یہ ماجرا کیا ہے، لوگ غریبوں کے علاج کے لیے پیسے دیتے تھے املاک خریدنے کے لئے نہیں، عمران خان نے قوم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ صدقہ اور خیرات کی رقم غریبوں کی امانت تھی، انصاف کا تقاضا ہے علیمہ خان کے خلاف جے آئی ٹی بنائی جائے، جے آئی ٹی عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف تحقیقات کرے۔