جعلی بینک اکاؤنٹس کیس؛اتنے مواد کے بعد کوئی آنکھیں بند نہیں کر سکتا، چیف جسٹس۔
اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ اومنی گروپ کے خلاف اتنا مواد آ چکا ہے کہ کوئی آنکھیں بند نہیں کر سکتا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔
بحریہ ٹاؤن کے وکیل خواجہ طارق رحیم نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے پیرا گراف 275 میں فاروق ایچ نائیک کے بیٹے کا ذکر ہے، الزام لگایا گیا کہ کراچی میں فاروق نائیک کے بیٹے نے دو گھراہلیہ کے نام خریدے، کہا گیا نیب فاروق نائیک اور سندھ حکومت کے گٹھ جوڑ کی تحقیقات کررہا ہے، انہیں وکلاء کے خلاف تحقیقات پراعتراض ہے۔