سپریم کورٹ کی طلبی پر چیئرمین نیب چیف جسٹس کے چیمبر میں پیش۔
اسلام آباد: وفاقی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے چیمبر میں ملاقات کی ہے۔
چیف جسٹس کی جانب سے طلب کیے جانے پر چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال پیش ہوگئے، چیئرمین نیب نے چیف جسٹس سے چیمبر میں ملاقات کی ہے۔
اس سے قبل چیئرمین سی ڈی اے اور ممبر اور پراسیکیوٹرجنرل نیب ان چیمبر پیش ہوئے تو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اسلام آباد میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی ان چیمبر سماعت کی۔
پراسیکیوٹر جنرل نیب نے بتایا کہ نیب کی جانب سے زمین کی منتقلی روکنے کی کوئی ہدایات نہیں دی گئیں، جس پر چیف جسٹس نے ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے خوشحال خان خٹک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ممبر اسٹیٹ نے پہلے بھی مقدمات میں عدالت کو گمراہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نیب نے چوہدری برادران کیخلاف تحقیقات بند کردیں۔
لاہور: نیب نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کیخلاف تحقیقات بند کردیں۔
نیب لاہور کی سفارشات پر چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کیخلاف تحقیقات بند کردیں جس کے بعد نیب لاہور نے احتساب عدالت میں دونوں اعلی شخصیات کیخلاف تحقیقات بند کرنے کا 9 سی کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔
نیب کے مطابق چوہدری پرویز الہی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف ایل ڈی اے سٹی میں پلاٹس کا کیس چل رہا تھا، چوہدری پرویز الہی پر ایل ڈی اے سٹی میں 28 پلاٹس کی غیر قانونی فروخت کی تحقیقات چل رہی تھیں جب کہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی ان 28 پلاٹس سے متعلق تحقیقات کی گئی۔