مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی پرمکمل اعتماد کا اظہارکردیا۔
اسلام آباد: حکومت اورمسلم لیگ (ن) نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی پرمکمل اعتماد کا اظہارکیا ہے۔
سینٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ظفرالحق کے چیمبرمیں چیئرمین صادق سنجرانی، قائد ایوان شبلی فراز اوراپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر پارلیمانی بزنس سمیت سینٹ کے زیرالتواء امورپربات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران حکومت اورمسلم لیگ (ن) کی جانب سے صادق سنجرانی پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا، راجا ظفرالحق نے یقین دہانی کرائی کہ چیئرمین سینٹ کی تبدیلی کی خبروں میں صداقت نہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ کھوکھرنے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہوجائیں تو چیئرمینی سینٹ کوہٹایا بھی جاسکتا ہے۔