آصف زرداری کے خلاف پی ٹی آئی کی نااہلی درخواست سماعت کے مقرر
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف تحریک انصاف کی نااہلی کی درخواست ابتدائی سماعت کے لیے 10 جنوری کو مقرر کردی ہے۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی سابق صدر اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست ابتدائی سماعت کے لیے مقرر کردی ہے جس کے بعد کیس کی ابتدائی سماعت 10 جنوری کو ہوگی، ابتدائی سماعت میں درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا جب کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سابق صدر اور شریک چیئرمین پی پی پی آصف زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست صوبائی الیکشن کمیشن آفس کراچی میں جمع کرائی تھی جس کو منظوری کے لیے اسلام آباد بھیج دیا گیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آصف زرداری اجازت دیں ایک ہفتے میں وفاقی حکومت گرادیں گے، بلاول بھٹو
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف زرداری اجازت دیں اور صرف ایک اشارہ کردیں تو ہم ایک ہفتے میں تحریک انصاف کی وفاقی حکومت گرادیں گے۔
کراچی میں چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ترقی کے مخالفین چاہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تبدیل کردیا جائے لیکن عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے، آصف زرداری پر بھی پہلے بھی بہت سے مقدمے بنے اور انہوں نے گیارہ سال جیل میں گزارے، لیکن سب کیسز میں بری ہوئے، یہ بھی جھوٹا کیس ہے، اس سے بھی بری ہوجائیں گے۔