خارجہ پالیسی پر مشاورت کیلیے 18 رکنی کونسل قائم، وزیر اعظم نے منظوری دیدی۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزارت خارجہ کی 18 رکنی مشاورتی کونسل کی منظوری دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا کونسل خارجہ پالیسی کے بارے میں غیر جانبدارانہ رائے مہیا کرے گی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کونسل کے چیئرمین ہوں گے۔ کونسل میں 10 خارجہ پالیسی کے ماہرین کو شامل کیا گیاہے۔ 8 ارکان بہ لحاظ عہدہ کونسل کا حصہ ہوں گے۔ کونسل کے ارکان میں سابق سفیر سلمان بشیر، جلیل عباس جیلانی، اشرف جہانگیر قاضی، محمدصادق، ڈاکٹر رفعت حسین، ڈاکٹر ہما باقی، ڈاکٹر حسن عسکری رضوی، ڈاکٹر عادل نجم، ڈاکٹر رابعہ اختر اور قاسم نیاز اور بر بنائے عہدہ ارکان میں وزیرقانون و انصاف، وزیر خزانہ، مشیر تجارت، ٹیکسٹائل و صنعت و پیداوار، وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات، سیکریٹری خارجہ، ڈائریکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹرٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد، ڈائریکٹر جنرل فارن سروس اکیڈمی اور ایڈیشنل سیکریٹری فارن منسٹر آفس شامل ہیں۔