ایف آئی اے کا مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے دفتر پر چھاپہ، 2ملازم گرفتار۔
کراچی: ایف آئی اے کراچی نے حوالہ ہنڈی کے الزام میں مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے دفتر پر چھاپہ مار کر فلموں اور سینما آلات کی درآمد کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا جبکہ کمپنی مینیجر شبیر حسین سمیت 2افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے کراچی نے حوالہ اورہنڈی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران کچھ دن قبل شکیل جعفرانی نامی ہنڈی ایجنٹ کو گرفتار کرکے اس کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا، دوران تفتیش شکیل جعفرانی نے سندھ کی اہم شخصیات اور کاروباری گروپوں کیلیے حوالہ اورہنڈی کے ذریعے زرمبادلہ بیرون ملک منتقل کرنے کا اعتراف کیا، شکیل جعفرانی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کی جانب سے بھی صرف ایک سال کے دوران تقریباً 15 کروڑ روپے ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیے گئے ایف آئی اے نے اس سلسلے میں جب تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا تو انکشاف ہوا کہ مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے مالک ندیم مانڈوی والا اور ان کے صاحبزادے عادل مانڈوی والا فلموں اور سینما آلات کی درآمد کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور درآمدی ڈیوٹی بچانے کیلیے درآمد شدہ سامان کو اصل قیمت سے کہیں کم قیمت ظاہر کرتے ہیں جسے قانونی اصطلاح میں انڈر انوائسنگ کہا جاتا ہے اور درآمد شدہ سامان کی رقم پوری کرنے کیلیے حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے باقی رقم بیرون ملک بھیجنے میں ملوث ہیں۔