سپریم کورٹ نے سائٹ میں واقع مسجد و مدرسے کی دستاویزات طلب کرلیں۔
کراچی: سپریم کورٹ نے صنعتی اراضی پر تعمیرات سے متعلق سائٹ میں واقع مسجد و مدرسے کے قانونی دستاویزات طلب کرلیے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس گلزار احمد، جسٹس مقبول باقر اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ کے روبرو مسجد و مدرسے کی صنعتی اراضی پر تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سائٹ میں تقریبا 2 ایکٹرز سے زائد اراضی سائٹ ایسوسی ایشن سے خریدی، مسجد، مدرسے کے بعد ہماری اراضی پر مزید قبضہ کر لیاگیا، صنعتی اراضی پر مدرسے کے بعد قبریں بنانے کے لیے مزید اراضی پر قبضہ کیا جا رہا ہے، مسجد کی زمین اللہ کی رضا کے لیے چھوڑنے کو تیار ہیں مگر مزید قبضے ختم کرائے جائیں، عدالت نے سائٹ میں واقع مسجد اور مدرسے کے قانونی دستاویزات طلب کرلیے، جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیے کیا، قبضے کی زمین پر بننے والی مسجد میں نماز ہو سکتی ہے؟