افغان طالبان پر ہمارا محدود اثر ہے، ترجمان دفتر خارجہ۔
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ افغان مفاہمتی عمل کے لئے پاکستان کے کردار کی ہر جگہ تعریف کی گئی اور افغان طالبان پر ہمارا محدود اثر ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے معمول کی بریفنگ دی۔ انہوں نے کشمیری عوام کی نسل کشی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، کشمیریوں کے خلاف پیلٹ گنز اور فورس کا استعمال کیا جارہا ہے، لیکن طاقت کے زور سے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، بھارت بین الاقوامی اداروں کو کشمیر میں جاری مظالم کی تحقیقات کی اجازت دے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرتار پور کی سرزمین کو بھارت کے حوالے نہیں کیا جا رہا۔