سعودی عرب، یواے ای اورچین سے ملنے والی رقم اِس سال کا خسارہ پورا کرنے کیلیے کافی ہے، اسد عمر۔
اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اورچین سے مجموعی طورپر12 ارب ڈالرز حاصل ہوں گے۔
فاروق نائیک کے زیرصدارت قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیرخزانہ اسد عمرنے کمیٹی کو بریفنگ دیتے کہا کہ سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز مل چکے ہیں اورآئل فیسلیٹی جنوری سے شروع ہوجائے گی، اگلے تین سال ماہانہ 27 کروڑڈالرز کا تیل سعودی عرب سے ادھارملے گا، سعودی عرب سے قرض کی مجموعی رقم 6 ارب ڈالرز ہوگی، متحدہ عرب امارات سے مذاکرات بھی آخری مراحل میں ہیں اورآئند چند دنوں میں معاملات طے پا جائیں گے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اورچین سے مجموعی طورپر12 ارب ڈالرزحاصل ہوں گے اورتینوں ممالک سے حاصل ہونے والی رقم رواں سال کا خسارہ پورا کرنے کے لئے کافی ہے۔