العزیزیہ اسٹیل ریفرنس؛ استغاثہ کے دلائل پر نوازشریف کو وضاحت دینے سے روک دیا گیا۔
اسلام آباد: احتساب عدالت نے العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کے دلائل کے دوران نوازشریف کو وضاحت دینے سے روک دیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت کی، سماعت کے آغاز پر نوازشریف روسٹرم پر آگئے، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ روسٹرم پر کھڑے ہو کر استغاثہ کے دلائل سننا چاہتے ہیں۔ عدالت نے انہیں روسٹرم پر کھڑے ہونے کی اجازت دے دی۔
دوران سماعت جب نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ قطری شہزادے نے پاکستان کی عدالتوں میں پیش ہوکر گواہی دینے سے انکار کیا تو نواز شریف نے کہا کہ یہ بات نہیں ہے، میں اس کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں۔
حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے عوام سے جھوٹ بولا، ترجمان مسلم لیگ (ن)۔
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے عوام سے جھوٹ بولا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ڈالر کی قیمت میں تاریخی اضافے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرلیا ہے، ڈالرکی قیمت میں اضافہ ثبوت ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط مان لی ہیں اور عوام سے جھوٹ بولا گیا، عوام کو بتایا جائے کہ کن شرائط پر معاہدہ کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیرخزانہ نے 100 دن کی تقریب میں جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکہ دیا، قوم سے جھوٹ بولنے اوردھوکہ دہی پرعمران حکومت مستعفی ہو۔ ڈالر کی قدرمیں اضافے سے بدترین مہنگائی آئے گی، کٹے، مرغیوں اورانڈوں سے معیشت ٹھیک کرنے والے سے یہی توقع کی جاسکتی ہے، وقت اور حالات گواہی دے رہے ہیں کہ حکومت چلانا اورمسائل حل کرنا عمران حکومت کے بس کی بات نہیں۔ انڈے اور مرغی کی سرکار نہیں چلے گی۔