ریاست مدینہ میں سود نہیں ہوگا، بلاسود بینکاری بڑھائیں گے، وزیر مذہبی امور.
اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ میں سود نہیں ہوگا، ہم پہلے بلاسودبینکاری کوفروغ دیں گے جس کے بعد سود کے خاتمے کی طرف بڑھیں گے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے بعد وزیرمملکت پارلیمانی امور علی محمد خان اورچیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امورنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی لی جائے، حکومت اسلامی نظریاتی کونسل کوموثرانداز میں فعال کرنا چاہتی ہے۔
وزیرمذہبی امورنے کہاکہ مدینہ منورہ کی ریاست کے طرز پر جو تصور وزیراعظم عمران خان دیکھ رہے ہیں اس ریاست کے قیام کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عمل ہوناچاہیے۔ انھوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ وزارت مذہبی امور،وزارت تعلیم،وزارت داخلہ، وزارت پارلیمانی اموراوروزارت قانون وانصاف مسلسل نظریاتی کونسل سے رابطے میں رہیں تاکہ پاکستان کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لیے اسکالرزسے رہنمائی حاصل کی جاسکے۔
178