وزیراعلیٰ کا چینی قونصلیٹ پر حملے کا نوٹس، قونصل جنرل سے رابطہ۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چینی قونصلیٹ کے پاس فائرنگ کا نوٹس لے لیا انہوں نے چینی قونصل جنرل سے ٹیلیفون پر بھی رابطہ کیا ہے۔
مراد علی شاہ نے چینی قونصل جنرل سے ٹیلیفون پر رابطے میں کہا کہ آپ اطمینان رکھیں سب ٹھیک ہوجائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ان سے کہا کہ میں نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس کو بھی ہدایت دی ہے، وہ حملہ آوروں کے خلاف بھرپور آپریشن کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلی سندھ نے واقعے پر ایڈیشنل آئی جی پولیس کو فون کیا ، انہوں نے اس موقع پر پولیس کی مزید فورس کو بھیجنے کی ہدایت جاری کی ۔
مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت کی کہ مجھے پل پل کی خبر دیتے رہیں اور آپ خود وہاں کی نگرانی کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چائنیز قونصلیٹ میں موجود عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں چینی قونصلیٹ کے باہر حملے اور فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ حملے کے پیچھے موجود عناصر اور محرکات کو فوری بے نقاب کیاجانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ پاک چین معاشی اور اسٹریٹیجک تعاون کے خلاف سازش ہے، لیکن اس طرح کے واقعات دونوں ملکوں کے تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتے۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سےبلند اور سمندروں سے گہری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعدی کے ساتھ دہشت گرد حملہ ناکام بنایا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔