سعودی ولی عہد سے ملاقات کے لیے مسلم لیگ (ن) کی قیادت بھی سرگرم ہوگئی۔
لاہور: سعودی ولی عہد سے ملاقات کے لیے مسلم لیگ (ن) کی قیادت بھی سرگرم ہو گئی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے مشترکہ دوستوں کے ذریعے سعودی ولی عہد اور شہباز شریف کی ملاقات طے کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 16 سے17 فروری کو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ سعودی شہزادے کے پہلے دورہ پاکستان کے لیے جہاں حکومتی تیاریاں عروج پر ہیں تو وہیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی ملاقات کے لیے لیگی قیادت نے بھی سر جوڑ لیے ہیں۔ (ن) لیگ کے سینئر رہنماؤں، سینٹرز اور سابق سفارت کاروں کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ملاقات کے لیے سر توڑ کوششیں اور بیک ڈور رابطےجاری ہیں اور اس سلسلے میں سعودی سفارت خانے سے خصوصی رابطے بھی ہوئے ہیں۔