شہباز شریف کو پی اے سی سے ہٹایا تو پارلیمنٹ نہیں چلنے دیں گے، خورشید شاہ۔
اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیرمین شپ سے ہٹایا گیا تو اسمبلی نہیں چلنے دیں گے۔
پیپلز پارٹی نے شہباز شریف کو چیرمین پی اے سی سے ہٹانے کے ممکنہ حکومتی اقدام کے خلاف سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں خورشید شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ اگر شہباز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تو حکومت قومی اسمبلی کی کارروائی بھی نہیں چلا سکے گی، عمران خان اسمبلی کو کنٹینر کی طرح چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت نے اسپیکر اسد قیصر کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے، جبکہ اسپیکر کو خود سے کمیٹی ارکان کی ردو بدل کا کوئی اختیار نہیں بلکہ صرف پارٹی کی درخواست پر وہ ردو بدل کرسکتے ہیں۔