ضلع کیماڑی پولیس نے اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 20 من سے زائد چھالیہ اور گٹکا ماوا کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق، موچکو تھانے کی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ریوو ڈالا گاڑی کو پکڑ لیا، جس میں مضرِ صحت چھالیہ اور گٹکا ماوا بھاری مقدار میں موجود تھا۔
پولیس کے مطابق گاڑی سے 75 بورے چھالیہ اور 5 بورے گٹکا ماوا برآمد کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ ممنوعہ سامان کچے راستوں کے ذریعے حب سے کراچی اسمگل کیا جا رہا تھا۔
پولیس نے جب گاڑی کا تعاقب کیا تو ڈرائیور عبداللہ گوٹھ کے علاقے میں گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
یہ کارروائی ایس ایچ او تھانہ موچکو کی سربراہی میں چوکی انچارج موچکو اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔
پولیس نے برآمد شدہ سامان اور گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے، جبکہ فرار ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 445/26 درج کرکے اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔