پریس ریلیز 3 دسمبر 2022
*خواجہ سراؤں کو بینظیرکفالت پروگرام کا حصہ بنانے کافیصلہ*
*وفاقی وزیر اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری کا اعلان*
کراچی / اسلام آباد: حکومت پاکستان نے پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو بینظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) شازیہ عطا مری نے خواجہ سراؤں کو کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ بی آئی ایس پی بورڈ نے چیئرپرسن کی زیر قیادت خواجہ سراؤں کو بینظیر کفالت پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے محکمہ تخفیف غربت اور سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری کا اپنے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ خواجہ سرا بھی ہماری طرح ہی معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی دیکھ بھال حکومت کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام سے مستفید ہونے کے لئے خواجہ سرا سب سے پہلے نادرا سے شناختی کارڈ میں اپنی جِنس اپ ڈیٹ کرائیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ خواجہ سرا نادرا سے شناختی کارڈ اپ ڈیٹ کروا کر بی آئی ایس پی تحصیل دفاتر مین اپنی رجسٹریشن کرائیں اور کامیاب اندراج پر درخواست گزار خواجہ سرا کو 8171 نمبر سے میسج آئے گا اور ان کو سہ ماہی 7000 روپے ملیں گے۔