ناجائز تعلقات سے پیدا ہونے والی بچی کا گلہ کاٹ کر کھیتوں میں پھینک دیا گیا۔بچی معجزانہ طور پر بچ گئی۔
تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے ایک دن کی نومولود بچی کو قتل کرنے کی نیت سے گلہ کاٹ کر کھیتوں میں پھینکنے والی ظالم ماں کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق مورخہ 25 جولائی بروز سوموار پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ تھانہ صدر ڈسکہ کے علاقہ گاؤں کانواں لٹ میں نامعلوم ملزمان ایک دن کی نو مولود بچی کا گلا کاٹ کر جوار کے کھیت میں پھینک کر چلے گئے ہیں۔وقوعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے زخمی بچی کو برائے علاج معالجہ ہسپتال منتقل کیا جہاں بر وقت طبی امداد ملنے سے معصوم بچی کی جان بچا لی گئی جو تا حال سول ہسپتال سیالکوٹ نرسری وارڈ میں زیرِ علاج ہے۔ڈی پی او سیالکوٹ سید ذیشان رضا نے انسانیت کو شرما دینے والے دلخراش واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل ڈسکہ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے کر اس گھناؤنے جرم میں ملوث ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے جس پر پولیس ٹیم نے تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے علاقہ میں موجود میٹرنٹی ہومز و کلینکس کو چیک کیا بالآخر پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زمانہ جاہلیت کی یاد تازہ کرنے والے گھناؤنے جرم میں ملوث 25 سالہ ملزمہ رباب دختر محمد اقبال قوم وریاہ ساکن کانواں لٹ کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا ہے۔دوران تفتیش ملزمہ نے انکشاف کیا کہ اس کے ثاقب نامی شحص کے ساتھ ناجائز مراسم تھے جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہوگئی اور اپنے اس گھناؤنے فعل کو چھپانے کی خاطر اس نے نومولود بچی کو قتل کرنے کی نیت سے اس کا گلا کاٹ کر اسے بالٹی میں ڈال کر مرنے کیلئے کھیتوں میں چھوڑ دیا تھا۔ڈی پی او سیالکوٹ سید ذیشان رضا نے تفتیشی ٹیم کو ٹھوس ثبوتوں اور شواہد کے ساتھ میرٹ کی بنیاد پر جلد ازجلد تفتیش مکمل کر کے ملزمہ کو قانون کے مطابق عدالت سے سزا دلوانے کی ہدایات جاری کی ہیں