موچکو، جنت سٹی اور مراد گوٹھ میں کھڈے سے گندا پانی بھر کر شہریوں کو سپلائی
کراچی کے ضلع کیماڑی کے علاقوں موچکو، جنت سٹی اور مراد گوٹھ میں بارشوں کے بعد جمع ہونے والا گندا پانی ایک کھڈے میں جمع ہو جاتا ہے جو کہ
ذرائع کے مطابق جنت سٹی کے ساتھ واقع اس کھڈے سے ٹینکر مافیا پانی بھر کر شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کر رہا ہے۔ یہ مضر صحت اور زہریلا پانی زیادہ تر رات کے اوقات میں منتقل کیا جاتا ہے، جبکہ دن کے وقت اس سرگرمی کو کم رکھا جاتا ہے تاکہ انتظامیہ کی نظروں سے بچا جا سکے۔
شہریوں نے اس خطرناک صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی عمل کو فوری طور پر بند کرایا جائے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹینکر مافیا گندا پانی مہنگے داموں فروخت کر رہا ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ ماضی میں بھی بارشوں کے بعد یہ دھندا شروع ہو جاتا تھا، جسے پولیس نے کئی بار بند کروایا، مگر کچھ عرصے بعد دوبارہ شروع ہو جاتا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر ماڑی پور اور ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ شہریوں کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر فیلڈ میں متحرک نہیں اور اکثر دفتر تک محدود رہتے ہیں، جبکہ متعدد شکایات کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔
عوام نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف فوری نوٹس لیا جائے، انہیں فیلڈ میں متحرک کیا جائے اور علاقے میں ہونے والی تمام غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔