آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آج کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں مستونگ اور ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور اہم صوبائی وزراء کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
سی او اے ایس نے شہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ریمارکس دیئے کہ “12 ربیع الاول کو دہشت گردی کے اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں، جنہیں دہشت گردی کے ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔
یہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جن کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان اور اس کے عوام کے دشمنوں کے پراکسی ہیں۔ بدی کی یہ قوتیں ریاست اور سیکورٹی فورسز کی بھرپور طاقت کا سامنا کرتی رہیں گی جن کی حمایت ایک مضبوط قوم ہے۔
دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا روک ٹوک جاری رہے گا اور مسلح افواج، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا نہیں جاتا۔