امریکی صدرنے وزیراعظم سےملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، ترجمان دفترخارجہ۔
اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ سینیٹر لنزے گراہم نے صدرٹرمپ کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان اور قطر امریکا طالبان مذاکرات میں سپورٹ فراہم کررہے ہیں جب کہ امریکی سینیٹر گراہم نے دورہ پاکستان کے دوران صدرٹرمپ اور وزیراعظم کی ملاقات کی بات کی تاہم ابھی تک تاریخ کا کوئی تعین نہیں ہوا، ایسی ملاقاتوں کیلئے بہت زیادہ تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں موجود قیدیوں کے تبادلے کیلیے معاہدے کی پیشکش کی تھی، پاکستان نے صرف جرمانہ کی وجہ سے جیلوں میں موجود افراد کی رہائی کیلیے بات کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی جب کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ بی بی کی اپیل میں اگر بریت ہو اس کے باہر جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔