فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع، حکومت کا اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ۔
اسلام آباد: حکومت نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے لیے اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع سے متعلق تیاری مکمل کرلی ہے اور توسیع کے حوالے سے وزارت داخلہ اور وزارت قانون نے مسودہ بھی تیار کرلیا، مسودہ کل کابینہ اجلاس میں ابتدائی مشاورت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کو فوجی عدالتوں میں توسیع پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا جس کے لیے جلد اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا، حکومت معاملہ پر قومی اتفاق رائے چاہتی ہے تاہم اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے فوجی عدالتوں کی مخالفت کی جارہی ہے۔