جعلی اکاؤنٹس کیس؛ آصف زرداری، بلاول اور فریال تالپور نے جواب جمع کرادیے۔
اسلام آباد: آصف زرداری، فریال تالپور اور بلاول بھٹو زرداری جعلی اکاؤنٹس کیس میں سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا جس میں جے آئی ٹی رپورٹس کو مسترد کردیا گیا۔
سابق صدر آصف زرداری، ان کی بہن فریال تالپور اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جےآئی ٹی رپورٹ کو مسترد اور اس میں لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کروادیا۔
عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا کہ جےآئی ٹی آصف زرداری، فریال تالپور اور بلاول بھٹو زرداری کے جوابات خاطرمیں نہیں لائی، تحریری جوابات مسترد کرنے کی وجہ بے بنیاد اور جھوٹے کیسز بنانا تھا جب کہ آصف زرداری اوربلاول پارک لین کمپنی کے بینیفشل مالک نہیں، پاک لین کمپنی کے شیئرز دونوں کے پاس قانون کے مطابق ہیں، بلاول بھٹو کو 1989 میں پاک لین کا شیئر ہولڈر بنایا گیا۔