اصل اپیل کی سماعت تک نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست نہیں سن سکتے، ہائیکورٹ۔
اسلام آباد: ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں اصل اپیل کی سماعت تک نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست نہیں سن سکتے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامرفاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ ابھی تک سزا کے خلاف اپیل مقرر نہیں ہوئی، جب تک اصل اپیل پر سماعت نہ ہوجائے تب تک ہم سزا معطلی کی درخواست کیسے سن سکتے ہیں۔
خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ سزا کے خلاف اپیل دائر ہو چکی ہے جس پر آفس نے نمبر بھی لگا دیا ہے۔ ابھی موسم سرما کی تعطیلات ہیں اور صرف ہنگامی نوعیت کے کیسز ہی سماعت کے لیے مقرر کئے جارہے ہیں۔