محکمہ ریونیو سندھ میں بد انتظامی، کھربوں روپے کا ریکارڈ غیر محفوظ۔
کراچی: محکمہ ریونیو حکام کی سنگین اور مجرمانہ غفلت کے باعث کھربوں روپے مالیت کی اراضی کا ریکارڈ لاوارث حالت میں الماریوں اور لکڑی کی ٹوٹی کرسیوں پر ڈال دیا گیا۔
جے آئی ٹی رپورٹ اور بیش قیمت زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹس کی نیب اور دیگر تحقیقاتی اداروں میں انکوائریاں جاری ہیں، محکمہ ریونیو کے مرکزی دفتر میں آگ بجھانے کا سسٹم ہی ناپید کر دیا گیا، ماضی میں کئی مرتبہ آتشزدگی کے واقعات میں اہم ترین ریکارڈ آگ کی نذر ہو چکا، حکام کسی ایک اور آتشزدگی کے منتظر یا کوئی اور معاملہ، اہم ترین معاملات پر متعلقہ حکام نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر لی، تفصیلات کے مطابق محکمہ ریونیو کے مرکزی دفتر میں کھربوں روپے مالیت کی زمینوں کے اہم ترین ریکارڈ کو سنگین غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر محفوظ کردیا گیا ہے، ایکسپریس نیوز کے سروے کے مطابق زمینوں کا قیمتی ریکارڈ لاوارث حالت میں بوسیدہ الماریوں ، لکڑی کی ٹوٹی ہوئی کرسیوں اور دیگر فرنیچر کی زینت بنا دیا گیا ہے۔